26 اگست 2016 - 11:30
بن لادن کمپنی نے مسجدالحرام میں کرین حادثے سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ ماننے سے انکار کر دیا

سعودی کمپنی بن لادن نے مسجدالحرام میں کرین گرنے کے حادثے کی تحقیقات کے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مسجدالحرام میں کرین گرنے کا حادثہ پیش آنے کے واقعے کو تقریبا ایک سال کا عرصہ گزرنے کے بعد تعمیراتی کمپنی بن لادن نے اس ہولناک واقعے سے متعلق تحقیقات کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی تیل کی قومی کمپنی سعودی آرامکو (Saudi Aramco) اور سول انجنیئروں کی انجمن کے نمائندوں پر مشتمل ماہرین کی ایک کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں مسجد الحرام میں کرین گرنے کے واقعے میں بن لادن کمپنی کو قصوروار قرار دیا ہے۔ لیکن اس کمپنی نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے اس رپورٹ کو غلط اور عجلت پسندی کے ساتھ تیار کی گئی رپورٹ قرار دیا ہے۔

سعودی عرب کے اخبار عکاظ کے مطابق بن لادن کمپنی اس بات کی مدعی ہےکہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ غلط معلومات کی بنیاد پر تیار کی گئي ہے۔

واضح رہے کہ گیارہ ستمبر سنہ دو ہزار پندرہ کو مسجدالحرام میں توسیع کے منصوبے پر عملدرآمد کے دوران بن لادن کمپنی کی سب سے بڑی کرین حجاج کرام پر گر گئي تھی جس کے نتیجے میں ایک سودس حجاج کرام جاں بحق اور دو سو اڑتیس زخمی ہوگئے تھے۔

.....

/169